کنٹونمنٹ بورڈ کو تاحکم ثانی پراپرٹی ٹیکس وصولی سے روک دیا گیا

کس قانون کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ شہری علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصول کر رہا ہے، عدالت


ویب ڈیسک October 09, 2020
کس قانون کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ شہری علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصول کر رہا ہے، عدالت۔ فوٹو:فائل

ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ کو تاحکم ثانی پراپرٹی ٹیکس وصولی سے روک دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس وصولی سے روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ٹیکس وصولی کا معاملہ صوبوں کو منتقل ہوچکا ہے اور شہری پراپرٹیز ایکٹ 1958 کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ کو ٹیکس وصولی کا اختیار نہیں ہے، کنٹونمنٹ بورڈ وزارت دفاع اور آرمڈ فورسز کے زیر اثر کام کرتا ہے جسے پراپرٹی ٹیکس وصولی کا اختیار نہیں ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924ء کی دفعہ 60 کے تحت بورڈ پراپرٹی ٹیکس میونسپل کارپوریشن کے متعین کردہ ریٹ کے تحت وصول کر سکتا ہے جب کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے پراپرٹی ٹیکس میں 20 گنا اضافہ کر دیا ہے لہذا کنٹونمنٹ بورڈ کا اضافی تخمینہ کے تحت پراپرٹی ٹیکس وصولی کا اقدام غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

عدالت درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ کو تاحکم ثانی پراپرٹی ٹیکس وصولی سے روک دیا اور وزارت دفاع، گوجرانوالہ کنٹونمنٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کس قانون کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ شہری علاقوں سے پراپرٹی ٹیکس وصول کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں