علیم ڈار نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا

علیم ڈار کوسب سے زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کے اعزاز پر پی سی بی کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی


Sports Desk November 02, 2020
پی سی بی نے پاک زمبابوے دوسرے میچ سے قبل یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

علیم ڈار سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ذمہ داری نبھانے والے امپائر بن گئے، پی سی بی نے پاک زمبابوے دوسرے میچ سے قبل انھیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی جب کہ علیم نے اعزاز پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

علیم ڈار اپنی بہترین امپائرنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، وہ کئی اعزاز اپنے نام کر چکے، اب وہ سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں فرائض نبھانے والے آفیشل بن گئے ہیں۔

اتوار کو راولپنڈی میں پاک زمبابوے سیریز کا دوسرا میچ ان کے کیریئر کا 210 واں ون ڈے انٹرنیشنل تھا، یوں وہ جنوبی افریقہ کے روڈی کوئٹزن سے آگے نکل آئے جنھوں نے209 میچز میں امپائرنگ کی تھی، سب سے زیادہ 132 ٹیسٹ میچز میں بطور میچ آفیشل خدمات نبھانے کا اعزاز پہلے ہی علیم ڈار کے نام درج ہو چکا ہے۔

فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود سابق ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر نے128 ٹیسٹ سپروائز کیے تھے، علیم ڈار اب سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزمیں امپائرنگ کرنے والے امپائر بھی بن سکتے ہیں،اس کیلیے ان کا ہم وطن احسن رضا سے مقابلہ ہے جو نصف سنچری سے ایک میچ دور ہیں۔

46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں فرائض نبھانے والے علیم ڈار زمبابوے سے سیریز کے2 میچز میں امپائرنگ کریں گے، سیریز کے 2 میچز میں احسن رضا کا تقرربھی ہوا ہے، یوں وہ ریکارڈ پر بدستور قابض رہیں گے،8 نومبر کو راولپنڈی میں احسن میچز کی نصف سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے امپائر بن جائیں گے، سیریز کے اختتام پر ان کے ٹی ٹوئنٹی میچزکی تعداد 51 ہوجائے گی۔

دریں اثنا گذشتہ روز علیم ڈار کوسب سے زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کے اعزاز پر پی سی بی کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی، اس موقع پر انھوں نے اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ، آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ و دیگر کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔