عالمی وبا سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے تیسری جنگ عظیم کا خدشہ ہے برطانوی ڈیفنس چیف

عالمی قوتیں علاقائی تنازعات کو حل کرلیں ورنہ کورونا وبا میں معاشی بحران سے یہ تنازعات تیسری جنگ میں تبدیل ہوسکتے ہیں


ویب ڈیسک November 09, 2020
عالمی وبا کے دوران معاشی بحران علاقائی تنازعات کو ہوا دے سکتا ہے، سرنک کارٹر (فوٹو: فائل)

برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے دنیا بھر میں پیدا ہونے والے معاشی بحران سے تیسری جنگ عظیم کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف سر نک کارٹر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہمیں 20 ویں صدی میں جنگوں کی وجہ بننے والے عوامل پر غور کرنا چاہیئے اور ان سے سبق سیکھنا چاہیئے۔

سر نک کارٹر نے مزید کہا کہ عالمی وبا سے معیشت بحران کا شکار ہے اور ایسے موقع پر کسی قسم کے جارح عمل سے دنیا بھر میں جاری علاقائی تنازعات کو ہوا مل سکتی ہے جس سے ممکنہ جنگ چھڑنے کا خوف موجود ہے اور دنیا کو تیسری جنگ عظیم کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اپنے انٹرویو میں برطانوی چیف آف ڈیفنس نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ 20 ویں صدی میں ہونے والی جنگیں بھی اپنے مفادات کیلیے یکجا ہونے والے مختلف ممالک کے اتحاد سے قائم ہونے والی سیاسی تنظیموں کا نتیجہ تھیں۔

سر نک کارٹر کا مزید کہنا تھا کہ یہی خطرہ اب بھی موجود ہے، پہلی اور دوسری جنگ عظیم سے پہلے بھی ممالک نے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تھا جس کی بنیاد پر غلط اندازے لگائے گئے جو آخر کار جنگ کا باعث بنے۔

برطانوی چیف آف ڈیفنس نے عالمی قوتوں کی جانب سے تاریخ دوبارہ نہیں دہرانے کی امید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ سمیت عالمی قوتیں تیسری جنگ عظیم کے خدشے کے پیش نظر علاقائی تنازعات کو حل کرلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔