پاکستان کپ رنز کی بہتی گنگا میں سب ہاتھ دھونے لگے

سدرن پنجاب کے3پلیئرزکی سنچریاں،سندھ کے شرجیل کی تھری فیگر اننگز


Sports Reporter January 17, 2021
سدرن پنجاب کے3پلیئرزکی سنچریاں،سندھ کے شرجیل کی تھری فیگر اننگز۔ فوٹو: فائل

QUETTA: پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران رنزکی بہتی گنگا میں سب ہاتھ دھونے لگے جب کہ پانچویں مرحلے میں سندھ، سدرن اور سینٹرل پنجاب نے فتوحات کو گلے لگالیا۔

خیبرپختونخوا کیخلاف سدرن پنجاب نے 3 سنچریوں کی بدولت 8 وکٹ سے کامیابی پائی، صہیب مقصود101 رنز بناکر پویلین لوٹے، اوپنر مختاراحمد اور حسین طلعت نے 146 کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، مختار احمد108 جبکہ حسین طلعت100 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

سدرن پنجاب نے 317 رنز کا ہدف 40.3 اوورز میں 2 وکٹ پرحاصل کرلیا، اس سے قبل کے پی نے 9 وکٹ پر 316 رنز جوڑے، خالد عثمان 91 ناٹ آؤٹ نمایاں رہے، محمد حارث نے68 کی اننگز کھیلی، علی شفیق نے 3 وکٹیں لیں، مختار اور صہیب کو مین آف دی میچ ایوارڈ ملا، دوسری جانب سندھ نے شرجیل کی سنچری سے تقویت پاکر ناردرن کو 7 وکٹ سے قابو کرلیا۔

فاتح ٹیم نے 187 رنز کا مطلوبہ ہدف 28.1 اوورز میں 3 وکٹ پر پالیا، شرجیل نے 108 رنز اسکور کیے، انھوں نے خرم منظور(52) کے ہمراہ 160 کی شراکت بنائی، ناردرن کی اننگز44.2 اوورز میں 186 رنز تک محدود رہی، اسپنر دانش عزیز اور پیسر میرحمزہ نے 3، 3 شکار کیے۔

ادھر سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 4 وکٹ سے زیر کرلیا، ناکام سائیڈ نے213 رنز بنائے، کاشف بھٹی 59 اور ٹیل اینڈر جلات خان 55 رنز بناکر نمایاں رہے، عثمان قادر نے 4وکٹیں لیں، فاتح الیون نے ہدف 6 وکٹ پر حاصل کرلیا، قاسم اکرم 60 اور طیب طاہر 47 رنز بناکر نمایاں رہے، رضا الحسن نے 4 وکٹیں اڑائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔