صبا قمر جتنی خود مضبوط ہے اتنے ہی مضبوط مرد کی مستحق ہے فنکاروں کا ردعمل

عظیم خان سے کبھی نہیں ملی ہم صرف فون پر ہی رابطے میں تھے، صبا قمر


ویب ڈیسک April 03, 2021
مرد داڑھی مونچھ سے نہیں بلکہ اپنی سچائی اور ایمانداری سے مرد بنتا ہے، یاسر حسین فوٹوفائل

اداکارہ صبا قمر کے آسٹریلوی بلاگر عظیم خان سے شادی کے فیصلے سے انکار کرنے پر فنکاروں نے ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

صبا قمر نے گزشتہ روز اچانک اپنے منگیتر بلاگر عظیم خان کے ساتھ شادی کے فیصلے کو منسوخ کردیا تھا۔ انہوں نے شادی سے انکار کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی تھی صرف اتنا کہا تھا اب ہم شادی نہیں کررہے اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ اس فیصلے میں ان کا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر کا شادی کے فیصلے پر نیا موڑ

صبا قمر کے اس فیصلے کے بعد پاکستان شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے ان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہیں ایک مضبوط خاتون قرار دیا ہے۔ یاسر حسین نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا ''جتنی مضبوط صباقمر ہے وہ اتنے ہی مضبوط مرد کی مستحق (حقدار) ہے۔ اور یاد رکھنا مرد داڑھی مونچھ سے نہیں بلکہ اپنی سچائی اور ایمانداری سے مرد بنتا ہے۔ انہوں نے صبا قمر کو مضبوط رہنے کی تلقین بھی کی۔''



اداکارہ ماہرہ خان، آئمہ بیگ، بلال عباس خان نے بھی صبا قمر کے فیصلے کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اداکارہ رابعہ بٹ نے لکھا ''جب ماں کی دعائیں ساتھ ہوں تو پھر ایسے ہی ہوتا ہے جتنی بھی آنکھیں بند ہوں، دماغ میں دھند چھائی ہوئی ہو خدا راستہ بدل دیتا ہے دل بدل دیتا ہے۔ شادی زندگی کا ایک بہت بڑ افیصلہ ہوتا ہے کیونکہ یہ صرف آپ کی نہیں آپ کی آنے والی پوری نسل کو متاثر کرتا ہے۔

رابعہ بٹ نے مزید لکھا جتنا میں آپ کو جانتی ہوں آپ ایک خوبصورت دل کی مالک ہیں صبا اور خوبصورت دلوں میں رب بستا ہے اور جہاں وہ خود بستا ہے اس جگہ کی ذمہ داری وہ خود اٹھاتا ہے۔ مسکرائیے کیونکہ اگر وہ نہیں ہوا جو آپ چاہتی تھیں تو پھر وہ ہوا جوکہ وہ آپ کا اور ہمارا رب چاہتا ہے۔''



واضح رہے کہ صبا قمر نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ وہ عظیم خان سے کبھی نہیں ملیں ہم صرف فون پر ہی رابطے میں تھے۔

دوسری جانب عظیم خان نے صبا قمر کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہاں یہ میری غلطی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔