طالبان کا افغانستان کے 5 اہم اضلاع کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ

افغان سیکیورٹی فورسز نے ان اضلاع سے حکمت عملی کے تحت پسپائی اختیار کی ہے، ترجمان وزارت داخلہ


Web Desk June 06, 2021
طالبان نے زابل، اورزگان، غزنی سمیت 5 صوبوں کے اضلاع کا کنٹرول حاصل کیا، فوٹو: فائل

طالبان نے افغانستان کے مختلف صوبوں کے 5 اہم اضلاع کا حکومتی فورسز سے کنٹرول حاصل کرکے اپنی عمل داری قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں لکھا کہ زابل، اورزگان، غزنی اور نورستان کے اہم اضلاع کا کنٹرول حکومتی فورسز کو پسپا کرکے حاصل کرلیا ہے۔

قبل ازیں طالبان نے میدان وردک، بغلان اور لغمان کے چار اضلاع میں بھی اپنی حکومت قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس طرح مجموعی طور پر 9 اضلاع پر طالبان کی مکمل حکمرانی قائم ہوچکی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : افغانستان میں سڑک کنارے بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک

اس حوالے سے افغانستان کے وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے عالمی خبر رساں ادارے سے بات چیت کی، انہوں نے طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے حکمت عملی کے تحت پسپائی اختیار کی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے زابل سمیت 5 صوبوں کے مختلف اضلاع میں داخل ہوکر سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر قبضہ کرلیا اور گھمسان کی جھڑپ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : افغان فضائیہ کی غلطی سے سیکیورٹی فورس پر بمباری، 12 اہلکار ہلاک

واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا کا آغاز ہوچکا ہے جس کی تکمیل 11 ستمبر تک ہوجائے گی تاہم اس دوران طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی آگئی ہے جس میں کئی محاذوں پر فتح طالبان کو حاصل رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

پاکستان