افغان صدر اپنے ہمراہ رقم سے بھری 4 کاریں اور ہیلی کاپٹر لے گئے

ہیلی کاپٹر اور کاروں میں مزید جگہ نہ ہونے کے سبب کچھ رقم بادل نخواستہ گھر ہی میں چھوڑنا پڑی


ویب ڈیسک August 16, 2021
اشرف غنی کے موجودہ ٹھکانے کا کسی کو علم نہیں، فوٹو: فائل

روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اشرف غنی افغانستان سے نکلتے نکلتے اپنے ہمراہ نقد رقم سے بھرا ہیلی کاپٹر اور 4 کاریں بھی نامعلوم مقام پر لے گئے۔

روسی میڈیا نے کابل میں روسی سفارت خانے کے ترجمان کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اشرف غنی افغانستان سے روانہ ہوتے ہوئے اپنے ساتھ بھاری مقدار میں کرنسی لے گئے جس کے لیے انھوں نے چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔

یہ خبر پڑھیں : طالبان، پاکستان اور چین مل کر ہندوستان پر حملہ کرسکتے ہیں، بی جے پی پر خوف طاری

روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اشرف غنی کے پاس اتنی رقم تھی کہ چار کاریں اور ایک ہیلی کاپٹر میں بھرنے کے بعد بھی کچھ رقم باقی رہ گئی جسے انھوں نے بادل نخواستہ چھوڑا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : جہاز پر لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں 2 نوجوان گر کر ہلاک، ویڈیو وائرل

روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بات انھیں ایک عینی شاہد نے بتائی جس نے اشرف غنی کے ملازمین کو ہیلی کاپٹر اور کاروں میں رقم سے بھرے بریف کیس رکھتے ہوئے دیکھا تھا۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی کابل میں طالبان کے داخل ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ تاجکستان چلے گئے ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔