عمر شریف کے انتقال پر سیاسی شخصیات بھی افسردہ

رونے والوں کو ہنسانے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا، بلاول بھٹو زرداری


ویب ڈیسک October 02, 2021
عمرشریف پاکستان کا اثاثہ تھے انہوں نے ہمیشہ قہقے بکھیرے، فواد چوہدری فوٹو: فائل

ملک کی سیاسی شخصیات بھی عمر شریف کے انتقال پر افسردہ ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ رونے والوں کو ہنسانے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا، عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، مرحوم نے پاکستان میں فنِ مزاح کو نئی جہت بخشی، دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمر شریف کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے، انہوں نے کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے لیجنڈ کامیڈین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف نے ساری زندگی لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں، بیرونِ ملک بھی عمر شریف نے اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا، عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی غمگین اور دکھی ہے، فخرِ پاکستان عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔

دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کو اداس کر کے چلاگیا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لیجنڈ اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کو اداس کر کے چلاگیا، عمر شریف کا نام اپنے فن سے ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔

پاکستان آج ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گیا

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عمر شریف کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ لیجنڈ فنکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس ہے، پاکستان آج ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گیا، عمر شریف کے صاحبزادے جواد سے ٹیلی فون پر تعزیت کی ہے۔

عمر شریف عظیم اداکار تھے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف عظیم اداکار تھے، فن مزاح میں ان کی خدمات پوری دنیا میں یاد رکھی جائیں گی۔

عمر شریف کا خلا پر نہیں ہو سکتا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عمرشریف پاکستان کا اثاثہ تھے، انہوں نے ہمیشہ قہقے بکھیرے ، انہوں نے پاکستان کی خدمت کی ہے، ان کے انتقال پر ساری قوم افسردہ ہے، عمر شریف کا خلا پر نہیں ہو سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں