سینیگال میں گھوڑا گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی 6 افراد جاں بحق

دھماکے میں 5 راہگیر بھی زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے


ویب ڈیسک October 24, 2021
سینیگال میں مقامی سطح پر آمد و رفت کیلیے گھوڑا گاڑی استعمال کی جاتی ہے، فوٹو: فائل

مغربی افریقی ملک سینیگال میں مسافر بردار گھوڑا گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سینیگال کے جنوبی ڈسٹرکٹ والامبانی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد گھر واپس جانے والے نوجوانوں کی گھوڑا گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

باردوی سرنگ دھماکے میں گھوڑا گاڑی میں موجود 2 بچوں سمیت 6 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 5 راہگیر بھی زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ سینیگال میں مقامی سطح پر آمد و رفت کے لیے عمومی طور پر گھوڑا گاڑی استعمال کی جاتی ہے۔

ضلعی میئر کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پھٹنے والی یہ بارودی سرنگ علاقے میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث ''اَن ارتھ'' ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مغربی افریقی سینیگال صدیوں سے تنازعات کا شکار رہا تھا اور فریقین کے درمیان مسلح جھڑپیں معمول رہی تھیں جس میں 1982 میں ہزاروں افراد مارے بھی گئے تھے اور اسی دوران یہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں