موسم سرما کی تعطیلات تعلیمی ادارے 20 دسمبر سے 2 جنوری تک بند رہیں گے

18اور 19دسمبرکو ہفتہ اوراتوار ہے، عملی طور پراسکول وکالج 18 دسمبر سے ہی بند ہوجائیں گے، تعطیلات 15 روز پر محیط ہونگی۔


Safdar Rizvi December 10, 2021
نویں اور دسویں جماعتوں میں نئی اسکیم آف اسٹڈیز کے تحت کریکولم تبدیل اور مضامین میں اضافہ ہوچکا ہے، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: محکمہ تعلیم سندھ کی ورکنگ کمیٹی نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 2 جنوری تک جاری رہیں گی اور سندھ میں تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات کے بعد دوبارہ 3 جنوری 2022 سے کھلیں گے تاہم چونکہ 18 اور 19دسمبر ہفتہ اور اتوار ہے لہذا عملی طور پر اسکول و کالج 18 دسمبر سے ہی بند ہوجائیں گے اور موسم سرما کی تعطیلات 15 روز پر محیط ہونگی، اس بات کا فیصلہ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری کی زیر صدارت منعقدہ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ورکنگ کمیٹی کے جمعرات کی دوپہر منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدر شاہ، محکمہ صحت کے نمائندے قاسم سومرو، کریکولم کونسل کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب صدیقی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے طارق شاہ کے علاوہ کیتھولک بورڈ کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد کمیٹی کے رکن نے ''ایکسپریس ''کو بتایا کہ فیصلے کی وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ سے منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ چونکہ نویں اور دسویں جماعتوں میں نئی اسکیم آف اسٹڈیز کے تحت کریکولم تبدیل اور مضامین میں اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا تعطیلات کو طویل نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس میں شریک محکمہ صحت کے نمائندے نے تعلیمی اداروں میں 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن پر بھی زور دیا۔

یاد رہے کہ سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے تین روز قبل منعقدہ ایک تقریب میں کہا تھا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے فیصلہ جمعرات تک ہوجائے گا فیصلے کا اختیار اسٹیئرنگ کمیٹی کی ورکنگ کمیٹی کو دیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں