گرفتاری کے ڈر سے اپنے قتل کا ڈرامہ رچانے والا شخص بیوی سمیت گرفتار

مستری کو اپنے کپڑے پہنا کر قتل کردیا اور جیب میں اپنا شناختی کارڈ بھی رکھ دیا


ویب ڈیسک December 13, 2021
پولیس نے ملزم کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا، فوٹو: بھارتی میڈیا

کراچی: بھارت میں گرفتاری کے ڈر سے اپنے قتل ہونے کا ڈرامہ رچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں پولیس کو چکمہ دینے والا قاتل بالآخر قانون کے شکنجے میں آگیا۔ پولیس کو غازی آباد سے ایک مسخ شدہ لاش ملی تھی جس کی شناخت جیب میں موجود شناختی کارڈ سے سدیش کمار کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے سدیش کمار کی بیوی کو لاش کی شناخت کے لیے بلایا تو اس نے فوراً لباس سے اپنے شوہر کو پہچان لیا۔ سدیش کمار اس سے قبل اپنی بیٹی کے قتل کے الزام میں جیل میں قید تھا لیکن کورونا وبا کے باعث رہائی مل گئی تھی۔

رہائی ملنے کے بعد سدیش کمار اچانک غائب ہوگیا تھا اور سماعت پر حاضر نہیں ہوتا تھا یہاں تک کہ اس کی لاش برآمد ہوگئی تاہم پولیس کو شک تھا کہ معاملہ کچھ اور ہے۔

پولیس کے مخبر نے سدیش کمار کے گھر پر نظر رکھی اور ایک روز اسے گھر کے نزدیک دیکھ لیا۔ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں سدیش کو گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران اس نے ساری کہانی بیان کردی۔

سدیش کمار نے بتایا کہ ایک مستری سے دوستی کی اور اسے گھر کی مرمت کے بہانے گھر بلایا اور شراب پلا کر اپنے کپڑے پہنائے اور قتل کردیا۔ لاش کو بھی جلادیا تاکہ قابل شناخت نہ رہے۔

پولیس نے سدیش کمار اور اس کی بیوی کو مستری کے قتل کے الزام میں بھی گرفتار کرلیا۔

 

۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں