رانا ٹونگا کا وزیراعظم کو خط پریانتھا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی تعریف

عمران خان ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں، سابق سری لنکن کپتان


ویب ڈیسک December 14, 2021
عمران خان ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں، سابق سری لنکن کپتان - فوٹو:فائل

ISLAMABAD: سری لنکا کے سابق کرکٹ کپتان رانا ٹونگا نے سیالکوٹ واقعے پر وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھ کر پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی تعریف کردی۔

سابق سری لنکن کپتان رانا ٹونگا نے وزیراعظم کو خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے حکومت پاکستان کی پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کو سراہا ہے۔ رانا ٹونگا نے خط میں لکھا کہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ یہ کارروائیاں آبادی کے ایک چھوٹے سے حصے کی طرف سے کی جاتی ہیں، چند لوگوں کے اعمال پر پوری قوم خاص طور پر پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہیے۔



رانا ٹونگا نے کہا کہ ہماری دونوں قوموں کے درمیان رشتہ ہمیشہ مضبوطی اور یکجہتی کا رہا ہے، جب سری لنکا مشکل کا شکار تھا تو یہ پاکستان ہی تھا جس نے ہمارے فوجیوں کا ساتھ دیا اور 1996ء میں دیگر ممالک نے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سری لنکا آنے سے انکار کر دیا تھا، کرکٹ ہو یا سیاست، آپ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنے میں غیر متزلزل رہے ہیں، جب سے آپ پاکستان کے وزیراعظم بنے ہیں، آپ ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں۔

انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ امید ہے کہ آپ پاکستانی کمیونٹی کے چند گمراہ افراد کو یہ سکھا سکیں گے کہ ہر ایک کے ساتھ وہی عزت اور وقار کا برتاؤ کریں جس کے تمام انسان مستحق ہیں، میں ایک بار پھر اس بھیانک جرم کے مرتکب تمام افراد کو ڈھونڈنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے میں آپ کی کوششوں کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، ہم سری لنکن بحیثیت قوم آنجہانی کمارا خاندان کے مستقبل کے بارے میں آپ کے اظہار کردہ جذبات کی صحیح معنوں میں قدر کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں