روس قازقستان کی خودمختاری کا احترام کرے یورپی یونین نے خبردار کردیا

تمام فریقین سے تحمل اور صورتحال کے پرامن حل کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں، ترجمان یورپی یونین


ویب ڈیسک January 06, 2022
قازقستان کی پولیس نے درجنوں مظاہرین کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے:فوٹو:فائل

یورپی یونین نے روس کو خبردار کیا ہے کہ وہ قازقستان کی خودمختاری اور آزادی کا احترام کرے۔

الجریزہ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے مذکورہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب روس کی زیرقیادت فوجی اتحاد نے قازقستان میں جاری بدامنی پرقابوپانے کے لیے پہلا فوجی دستہ بھیجا ہے۔

اس حوالے سے یورپی یونین کی اعلیٰ تنظیم یورپین کمیشن نے بھی قازقستان میں جاری بدامنی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

یورپی یونین کے ترجمان نے کہا کہ تشدد کو روکنا چاہیے، ہم تمام فریقین سے تحمل اور صورتحال کے پرامن حل کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ظاہر ہے کہ یورپی یونین ملک میں مذاکرات کی حمایت کے لیے تیار ہے۔

روس کے زیر قیادت فوجی اتحاد سے متعلق ماسکو کا بیان آیا تھا کہ قازقستان میں صورتحال معمول پرآنے تک قازقستان میں رہیں گے، قازقستان کی حکومت نے ملک میں جاری بدامنی روکنے کے لئے مدد کی درخواست کی تھی۔

دوسری جانب قازقستان کی پولیس نے گزشتہ رات پارلیمنٹ کی عمارت پردھاوا بولنے والے درجنوں مظاہرین کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

قازقستان کی وزارت صحت کے مطابق ہنگاموں میں اب تک 1000سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ زخمیوں میں سے 62 کی حالت تشویشناک ہے۔

قازقستان میں پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک گیراحتجاج کیا جارہا ہے۔مظاہروں پرقابو پانے کے لئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں