ذہنی معذور شخص پر تشدد کرنیوالا پولیس اہلکار گرفتار مقدمہ درج

ویڈیو میں مددگار 15 کے اہلکار کو ایک شخص کے گلے میں رسی ڈال کر لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک February 07, 2022
6 فروری کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پولیس اہلکار کو ایک شخص پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے—فائل فوٹو

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ذہنی معذور شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے والے مدد گار 15 پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایس پی کورنگی نے مدد گار 15 پولیس اہلکار کی حراست میں ذہنی معذور شخص پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ترجمان کورنگی پولیس نے بتایا کہ 6 فروری کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پولیس اہلکار کو ایک شخص پر تشدد اور گلے میں رسی ڈال کر لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی شاہجہاں خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

مذکورہ واقعہ 4 فروری کی رات کا ہے جب مددگار 15 کالر نعیم خان نے اطلاع دی تھی کہ ایک بیٹری چور پکڑا ہوا ہے جس پر پولیس موبائل موقع پر پہنچی اور ایک پولیس اہلکار پکڑے ہوئے شخص پر تشدد کرتا ہوا پایا گیا۔

ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا نے مدد گار 15 پولیس کے اہلکار نعمان کو گرفتار کر کے اسکے متاثرہ شخص کے بھائی خالد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی نے ذہنی مریض محمد عامر کے اہلخانہ سے رابطہ کیا اور انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔