لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے تک عمران خان کی بہت سی وکٹیں گر جائیں گی بلاول

عوامی سطح پر بھی عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک چلائیں گے، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک February 09, 2022
بلاول بھٹو کا ملتان میں جلسے سے خطاب فوٹو:فائل

ISLAMABAD: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے مارچ سے پہلے عمران خان کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں، اسلام آباد پہنچنے سے تک مزید وکٹیں گریں گی۔

ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم کا نام لیے بغیر چلینج دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ طاقتور آدمی ہیں تو اسمبلی تحلیل کر کے عوام میں آئیں اور دوبارہ فتح حاصل کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کے ووٹ کا یقین ہے اور اگر ہمت ہے تو اسمبلی تحلیل کردیں مگر آپ بزدل ہیں کیونکہ اراکین کو الیکشن سے باہر کراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 100 فیصد یقین ہے کہ مارچ کامیاب ہوگا اور ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے عمران خان کی مزید وکٹیں بھی گریں گے، اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم پر حملے سے کوئی انکار نہیں کرسکے گا۔

مزید پڑھیں: حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر پیپلزپارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے، بلاول بھٹو

بلاول کا کہنا تھا کہ ہم پہلے دن سے حکومت کا مقابلہ کررہے ہیں، سینیٹ کے الیکشن میں ہم نے خالی میدان نہیں چھوڑا اور اب حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، اس کے بعد حکومت کو ہر الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا بل اسمبلی سے منظور ہونے سے قبل ہم نے ان کو متنبہ کیا تھا کہ یہ معاہدہ عوام دشمن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت کا ہر سیاسی میدان میں مقابلہ کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا مارچ27فروری کو کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا، امید ہے کہ ہمارا نظریہ ملتان کے ہر گھر تک پہنچے گا اور ملک بھر کے عوام مارچ میں شریک ہوں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ جو دوست تحریک عدم اعتماد کو نہیں مانتے تھے اب وہ اسی کی بات کررہے ہیں، ہم عوامی سطح پر بھی عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک چلائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں