پانی کے ٹینک کا ڈھکن چوری کرنے پر فائرنگ سے چور ہلاک سیکیورٹی گارڈ گرفتار

ہلاک ہونے والا شخص مبینہ طورپرنجی کمپنی کے پیٹرول پمپ کا زیر زمین ٹینک کا لوہے کا دھکن چوری کررہا تھا


Staff Reporter February 12, 2022
ہلاک ہونے والا شخص مبینہ طورپرنجی کمپنی کے پیٹرول پمپ کا زیر زمین ٹینک کا لوہے کا دھکن چوری کررہا تھا فوٹو : فائل

گرومندرچورنگی کے قریب مبینہ طور پرپیٹرول پمپ کے زیر مین ٹینک کا ڈھکن چوری کرنے پر پیڑول پمپ کے سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے چور کو ہلاک کردیا۔


پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لیکر واقعے کی تفتیش شروع کردی ۔ ہفتے کی صبح جمشید کوارٹرتھانے کے علاقے گرومندرچورنگی کے قریب واقع نجی کمپنی کے پیٹرول پمپ پرفائرنگ سے 30 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ۔ فوری طورپرہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔

اس حوالے سے ایس ایچ اوجمشید کوارٹرماجد کورائی نے بتایا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والا شخص مبینہ طورپرنجی کمپنی کے پیٹرول پمپ کا زیر زمین ٹینک کا لوہے کا ڈھکن چوری کررہا تھا کہ پیٹرول پمپ کے سیکیورٹی گارڈ نے اپنے 12 بور رپیٹر سے فائرنگ کردی جس کے باعث ڈھکن چوری کرنے والا شخص چہرے پر گولی لگنے سے موقع پرجاں بحق ہوگیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ابتدائی طور پرہلاک ہونے والا شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس کوشش کر رہی ہے اس کی شناخت معلوم ہوسکے ۔ انھوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد جمشید کوارٹر پولیس نے موقع پرپہنچ کرسیکیورٹی کمپنی کے گارڈ سہیل اسلم ندیم ولد محمد اسلم کو حراست میں لیکراس کے قبضے سے رپیٹر گن اوراسکے کارتوس برآمد کر لیے ۔

حراست میں لیے جانے والے سیکورٹی گارڈ کو تھانے منتقل کردیا ہے ۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے پیٹرول پمپ پرنصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے ایک ملزم موٹر سائیکل سے اترکرزیرزمین ٹینک کا ڈھکن چوری کرنے کےبعد موٹرسائیکل پربیٹھ رہا ہوتا ہے ۔

اسی دوران سیکیورٹی گارڈ سامنے آجاتا ہے اور اپنے رپیٹرسے فائرنگ کر دیتا ہے جس کے نتیجے میں ڈھکن چوری کرنے والا ملزم موقع پرہلاک ہوجاتا ہے جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا ہے ۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص اور اسکا ساتھی پیٹرول پمپ کے سروس اسٹیشن کے لیے بنے پانی کے ٹینک کا ڈھکن چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں