انور مقصود کا کھیل ’’ساڑھے چودہ اگست‘‘ دکھانے کا اعلان

’’ساڑھے چودہ اگست‘‘ عید کے بعد آرٹس کونسل کراچی میں پیش کیا جائے گا، انور مقصود


Staff Reporter February 17, 2022
’’ساڑھے چودہ اگست‘‘ عید کے بعد آرٹس کونسل کراچی میں پیش کیا جائے گا، انور مقصود ۔ فوٹو : این این آئی

معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود نے ''ساڑھے چودہ اگست'' دکھانے کا اعلان کردیا۔

آرٹس کونسل اور Kopykats کے مشترکہ تعاون سے معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود کے تھیٹر پلے ''ساڑھے چودہ اگست'' سے متعلق پریس کانفرنس آڈیٹوریم IIمیں منعقد کی گئی جس میں مزاح نگار و دانشور انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ہدایت کار داور محمود اورسی ای او آئی ٹیکنالوجی گروپ آف کمپنیز سلمان حسین موجود تھے۔

اس موقع پر معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود نے کہاکہ2011میں ہم نے پونے چودہ اگست کیا، لوگوں نے کہا کہ چودہ اگست کیوں نہیں،میں نے کہا کہ جس دن چودہ اگست ہو گی تب اعلان کر دیں گے۔ 3 سال بعد سوا چودہ اگست لکھا یہ اسی سلسلے کی آخری کڑی ساڑھے چودہ اگست ہے۔

تھیٹر پلے کی کہانی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انور مقصود نے کہاکہ اس کھیل میں ایک شخص نے قائداعظم اور گاندھی پر مقدمہ دائر کیا ہے کہ تقسیم کے بجائے اگر یہ ایک ہی ریاست رہتی تو کتنا اچھا ہوتا، پلے میں یہی پیغام دیا جائے گا کہ کیا قائد ٹھیک تھے یا گاندھی۔

انھوں نے بتایا کہ آپ عید کے بعد آرٹس کونسل میں یہ کھیل دیکھ سکیں گے، داور محمود بہت اچھے ہدایت کار ہیں، میری شرط ہے کہ میرا کوئی فقرہ یا جملہ تبدیل نہیں ہو گا، میرا دل کہہ رہا ہے کہ یہ کھیل آپ سب کو اچھا لگے گا، گزشتہ تھیٹرز میں نئے فنکاروں کو مواقع دیے گئے، آج وہی فنکار ٹی وی ڈراموں میں بڑے فنکار بن چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں