عمران خان کے دور میں پاکستان جمہوریت سے دور ہوتا جا رہا ہے بلاول

ہم جمہوریت، آئین، معیشت اور ملک کو بچانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں وکلا ہمارا ساتھ دیں، لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب


کورٹ رپورٹر February 17, 2022
ہم جمہوریت، آئین، معیشت اور ملک کو بچانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں وکلا ہمارا ساتھ دیں، لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب (فوٹو : فائل)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں پاکستان جمہوریت سے دور ہوتا جا رہا ہے، ہم جمہوریت، ملک اور معیشت کو بچانے کے لیے لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دعوت پر وکلا برادری سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرا اور میری پارٹی کا وکلا سے خاص رشتہ ہے، پاکستان کو بنانے والا بھی ایک وکیل قائد اعظم محمد علی جناح تھا، ون مین ون ووٹ کا نظام قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو لائے تھے، بے نظیر بھٹو نے زندگی میں کئی بار عدالتوں میں حاضری دی اور عدالتوں نے میری والدہ اور والد کو تمام کیسز میں باعزت بری کیا، میں لاہور ہائی کورٹ بار کے ہی نہیں ملک بھر کے وکلا کا مشکور ہوں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آج وقت آ گیا ہے کہ ہم کہہ سکیں کہ ہماری عدلیہ آزاد اور خود مختار ہے، رول آف لا ایک جمہوری نظام کے لیے روح کی حیثیت رکھتا ہے، ہم ایک پارٹی یا فیملی کے لیے نہیں بلکہ ایک نظام کی بحالی کے لیے لڑ رہے ہیں، کوئی ملک ایک فیئر جوڈیشل سسٹم کے بغیر سروائیو نہیں کرسکتا۔

انہوں نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دور میں پاکستان جمہوریت سے دور ہوتا جا رہا ہے مجھے 12 مئی یاد ہے جب پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد عدلیہ اور رول آف لا کے بغیر جمہوریت پنپ نہیں سکتی، چیف جسٹس آف پاکستان کو آئین کی تشریح کی بات کرنی چاہیے، ہم ذہین ججز کی تعریف کرتے ہیں، جمہوریت کی بقا ان کے ہاتھ میں ہے۔

بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی جوڈیشری اور لیگل سسٹم کو بچانا چاہتے ہیں، قانون ریاست اور عوام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کا پلان بنایا ہے، ہم جمہوریت، آئین، معیشت اور ملک کو بچانے کے لیے مارچ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ہم جمہوری لوگ ہیں، پی ٹی وی پر اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں میں سے نہیں، ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد تحریک میں مدد چاہتے ہیں، پاکستان میں معاشی بحران، جمہوریت نہیں، پارلیمنٹ پر حملے ہو رہے ہیں، اللہ نے چاہا تو ہم پاکستان کو بچانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔