اداکارہ میرا نے تکذیب نکاح کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

عتیق الرحمن نے بلیک میل کرنے کیلئے ایڈیٹ کی گئی تصاویر عدالت میں پیش کیں، اداکارہ میرا کا درخواست میں مؤقف


ویب ڈیسک February 24, 2022
عتیق الرحمن نے بلیک میل کرنے کیلئے ایڈیٹ کی گئی تصاویر عدالت میں پیش کیں، اداکارہ میرا کا درخواست میں مؤقف ۔ فوٹو : فائل

کراچی: اداکارہ میرا نے تکذیب نکاح کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں اداکارہ میرا کی عتیق الرحمان کے نکاح نامے کو درست قرار دینے کے فیصلے کے خلاف جسٹس رسال حسن سید نے ادکارہ میرا کی اپیل پر سماعت کی، عدالت نے عتیق الرحمن سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔

درخواست گزار کی طرف سے رانا اسد منیر ایڈووکیٹ پیش ہوئے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عتیق الرحمان نے جھوٹا نکاح نامہ اور تصاویر تیار کیں، عتیق الرحمن نے پبلسٹی اور بلیک میل کرنے کیلئے جھوٹا نکاح نامہ تیار کیا، اداکارہ کو ٹرائل عدالت میں اپنے گواہ پیش کرنے کا مناسب موقع فراہم نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے عتیق الرحمن کے پیش کردہ نکاح نامے کی قانون کے مطابق تصدیق نہیں کی، اداکارہ کیخلاف اصل نکاح نامہ بھی ٹرائل عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، عتیق الرحمن نے ٹرائل کورٹ میں نکاح نامہ سے متعلق کوئی مصدقہ دستاویزات پیش نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں : میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد؛ عتیق الرحمان کی بیوی قرار

درخواست میں کہا گیا کہ نکاح خواں نے بھی عتیق الرحمن کے نکاح نامے کو ثابت کرنے کی دستاویزات موجود نہ ہونے کا بیان دیا، فیملی عدالت نے نکاح نامہ کی سچائی کیلئے نکاح کی تصاویر پر زور دیا، اداکارہ میرا کی لاتعداد تصاویر آن لائن موجود ہیں جن کا غلط استعمال کیا جانا ممکن ہے، عدالت میں پیش کی گئی تصاویر کے کوئی نیگیٹوز یا ڈیجیٹل میڈیا پیش نہیں کیا، عتیق الرحمن نے بلیک میل کرنے کیلئے ایڈیٹ کی گئی تصاویر عدالت میں پیش کیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ فیملی عدالت نے مبینہ نکاح کے موقع کی تصاویر کی بنیاد پر تکذیب نکاح کا دعوی خارج کیا، والدین کو جان کے خطرے کے پیش نظر بطور گواہ عدالت میں پیش نہیں کر سکی لہذا تکذیب نکاح کیخلاف فیملی عدالت کی ڈگری اور سیشن عدالت کا حکم کالعدم کیا جائے اور عتیق الرحمن کے نکاح نامہ کو جھوٹا قرار دیا جائے۔ عدالت نے 14 مارچ کو فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے فیملی عدالت نے 28 مئی 2018ء میں عتیق الرحمان کا نکاح نامہ جھوٹا قرار دینے کا اداکارہ میرا کا دعویٰ مسترد کیا تھا، ادکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر تھی اور 31 جنوری 2022 کو سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیتے ہوئے میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں