یوکرین میں محصور 2 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری

پی آئی اے کا طیارہ پولینڈ سے طالب علموں کو وطن واپس پہنچائے گا، سی ای او


ویب ڈیسک February 25, 2022
پی آئی اے کی یہ ہی روایت رہی کہ جب ملک کو ضرورت پڑتی ہے وہ قدم بڑھاتی ہے، ارشد ملک (فوٹو فائل)

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوکرین جنگ میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے معاملے پر سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک اور یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر میجر جنرل(ر) نوئل کھوکھر کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں پاکستانی شہریوں اور طالب علموں کے محفوظ انخلا پر بات چیت کی گئی۔

سی ای او پی آئی اے کی پیشکش پر یوکرین میں موجود 2 ہزار پاکستانی طالب علموں کی وطن واپسی کیلئے آپریشن تیار کرلیا گیا، جس پر یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نے تمام پاکستانی طالب علموں کو یوکرین کے شہر ٹرنوپل میں جمع ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق تمام پاکستانی طالب علم یوکرین کے شہر ٹرنوپل میں یکجا ہوں گے، پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پولینڈ سے طالب علموں کو وطن واپس پہنچائے گا۔

مزید پڑھیں: یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کو فوری طور پر ٹرنوپل شہر پہنچنے کی ہدایت

سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے بتایا کہ یوکرین سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پرواز تیار کی جارہی ہے، طالب علموں کے پولینڈ پہنچتے ہی طیارے کو روانہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں کو ان کے گھروں تک واپس پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، پی آئی اے کی یہ ہی روایت رہی کہ جب ملک کو ضرورت پڑتی ہے وہ قدم بڑھاتی ہے۔

واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر ہونے والے حملے کے بعد دو ہزار سے زائد پاکستانی طالب علم اور شہری یوکرین میں محصور ہیں، جنہوں نے اپنی باحفاظت وطن واپسی کے لیے حکومت سے درخواست بھی کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں