باکسر محمد وسیم عالمی ٹائٹل کیلئے کل سنی ایڈورڈ سے مقابلہ کرینگے
حریف باکسر 17 مقابلوں میں ناقابل شکست ہیں
پاکستان کے پروفیشنل باکسر محمد وسیم عالمی ٹائٹل کے لیے ہفتہ کو انگلینڈ کے نامور حریف سنی ایڈورڈ سے مقابلہ کریں گے۔
دبئی میں ہونے والے انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے فلائی ویٹ مقابلے کو محمد وسیم نے اپنے کیرئیر کی اہم ترین فائٹ قرار دیا ہے، انکا کہنا ہے کہ سنی ایڈورڈ اب تک اپنے تمام 17 مقابلے جیت کرناقابل شکست ہیں۔
ورلڈ باکسنگ کونسل کے دو مرتبہ کے عالمی چیمپئین 35 سالہ محمد وسیم نے اپنی 13 میں سے 12 فائٹس میں فتح پائی ہے، 8 مقابلوں میں حریف باکسرز کو ناک آؤٹ کیا جبکہ وہ صرف ایک مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم نے گزشتہ برس ورلڈ ٹائیٹل ایلیمنٹری فائٹ میں کولمبیا کے رابر بریرا کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی تھی تاہم دوران مقابلہ محمد وسیم کی آںکھ زخمی ہوگئی تھی جبکہ انکے چہرے پر 21 ٹانکے بھی آئے تھے۔