عمران خان کا الیکشن کمیشن پر دھاوا بولنا بلیک میلنگ ہے احسن اقبال

امید ہے ہمارے ادارے کسی سے بلیک میل نہیں ہونگے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی


ویب ڈیسک April 26, 2022
امید ہے ہمارے ادارے کسی سے بلیک میل نہیں ہونگے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی (فوٹو : فائل)

کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن پر دھاوا بولنا بلیک میلنگ ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کی ترقی ، عوام کی فلاح کیلئے ایک بھی قدم نہیں اٹھایا، درحقیقت عمران نیازی نے پونے چار سال پاکستان کے مضبوط ترین وزیراعظم کے طور پر کام کیا کیونکہ تمام ادارے انکی پشت پر کھڑے تھے، عمران نے میڈیا کا گلا گھونٹ کر خاموش کروایا اور اپوزیشن کو پکڑ کر جیلوں میں ڈلوا دیا، جو کام عمران خان نے کیا کسی ڈکٹیٹرنے بھی نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر احتجاج ، چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام عالم کیساتھ پاکستان کے تعلقات بگاڑے، فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران نیازی کو برسر اقتدار لایا گیا، انہوں نے ملکی معیشت کا چار سالوں میں بیڑہ غرق کیا ، انہیں شرم آنی چاہئے جو چار دنوں میں ہی ہم سے حساب مانگ رہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کوشش کر رہا ہے کہ ان کی کرپشن پر سوال نہ کئے جائیں، عمران خان ہٹلر کا شاگرد ہے اور اداروں پر حملے کرکے اپنے مقدمات ختم کروانا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن پر دھاوا بولنا بلیک میلنگ ہے، اگر دامن صاف ہے تو فارن فنڈنگ کیس میں رسیدیں دکھاؤ، امید ہے ہمارے ادارے کسی سے بلیک میل نہیں ہونگے، توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔