جعلساز وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے صوبے کو یرغمال بنایا ہوا ہے گورنرپنجاب کا وزیراعظم کو خط

میرا قوم سے وعدہ ہے کہ آخری دم تک عوام کی طاقت سے اس سیسیلین مافیا کا مقابلہ کرونگا، خط کا متن


ویب ڈیسک May 04, 2022
—فائل فوٹو

STOCKHOLM: گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر 'پنجاب کے سیاسی بحران اور آئینی تعطل' کے بارے آگاہ کردیا جس میں کہا گیا کہ غیر آئینی اور غیر قانونی، جعلساز وزیراعلیٰ نے صوبے کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ صورتحال سے سرکاری طور پر وزیراعظم پاکستان اور دیگر آئینی اداروں کے سربراہان کو مطلع کردیا ہے، آپ صوبے میں سیاسی اور قانونی تعطل سے آگاہ ہیں۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ کچھ اہم وجوہات سے آپ کو آگاہ کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں، عثمان بزدار کا بطور وزیراعلی استعفی متنازع ہے، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں اکثریت کے لیے ڈی فیکٹو ممبران کی مکروہ حمائت حاصل کی۔

مزیدپڑھیں: حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

گورنرپنجاب عمر چیمہ نے کہا کہ غیر قانونی جعلساز وزیر اعلیٰ نے 16 اپریل سے پنجاب کے صوبے کو یرغمال بنایا ہوا ہے، صورتحال سے میں نے سرکاری طور پر جناب وزیراعظم پاکستان اور دیگر آئینی اداروں کے سربراہان کو مطلع کردیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ میں نے لکھ دیا ہے تاکہ سند رہے آئینی و قانونی طور پر جو میرے اختیار میں تھا وہ کیا، میرا قوم سے وعدہ ہے کہ آخری دم تک عوام کی طاقت سے اس 'سیسیلین مافیا' کا مقابلہ کرونگا۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ کے حلف کیخلاف پی ٹی آئی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ جلد غیر آئینی و غیر قانونی وزیر اعلیٰ سے دفاتر اور سرکاری وسائل کا قبضہ چھڑوایا جائے گا اور اونچی سے اونچی کرسی یا بڑے سے بڑا عہدہ ہمیشہ نہیں رہتا اور نہ انسان کو بڑا بناتا ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ اس کےلیے اپنی ذمہ داری اور فرض کو ایمانداری سے نبھانا ہوتا ہے جبکہ آپ کے جانے کے بعد ساری زندگی یہی کردار آپ کی شناخت بن جاتا ہے۔

گورنر پنجاب عمر سر فراز چیمہ نے مراسلے میں کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو بہتر ہدایت دے ،ایمان کی حالت میں موت دے آمین۔

علاوہ ازیں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی انہی کے خیالات کا اظہار کیا۔

-

 

گورنر پنجاب کا آرمی چیف کو بھی خط

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیر اعظم کو مراسلہ لکھنے کے بعد پنجاب کی موجودہ صورتحال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کو خط لکھ دیا۔

انہوں نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط کے ساتھ صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کے خطوط کی نقول بھی بھیجوا دیں ۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے آرمی چیف سے صوبے میں آئینی فریم ورک پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے زور دیا کہ عوام کا وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں