ایف آئی اے کا وائرل ہونے والی جعلی ویڈیوز کا نوٹس تحقیقات شروع

ملوث ملزمان کو قید و جرمانوں کی سزائیں ہوسکتی ہیں


ویب ڈیسک May 06, 2022
حکام نے تنبیہ کی ہے کہ ایسی ویڈیوز کو شیئر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ فائل فوٹو

ISLAMABAD: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی ویڈیوز تیار کرکے وائرل کیے جانے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی ویڈیوز کا نوٹس لیکر ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ طور پر جعلی ویڈیوز سے متعلق تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ویڈیوز بنانے و پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے تحت ملوث ملزمان کو قید و جرمانوں کی سزائیں ہوسکتی ہیں۔

حکام نے تنبیہ کی ہے کہ ایسی ویڈیوز کو شیئر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کریں گے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے، سوشل میڈیا کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے جس میں ایسے مواد کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، غیراخلاقی ویڈیوز، تصاویر سمیت اس نوع کا گند پھیلانے والوں کا صفایا کریں گے جس کے لیے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں