ایشیا کی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کی کمپنی نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس کی سالانہ آمدنی 100 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی


ویب ڈیسک May 09, 2022
ریلائنس کمپنی نے 100 ارب ڈالر کا ہدف عبور کرلیا، فوٹو: فائل

بھارت سے تعلق رکھنے والے ایشیا کے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس کی سالانہ آمدنی 100 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس سالانہ 100 بلین ڈالر آمدنی والی پہلی بھارتی کمپنی بن گئی ہے جس کی آمدن پہلی سہ ماہی میں جنوری اور مارچ کے درمیان 2.1 بلین ڈالرز ہے جس نے 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال میں مجموعی آمدنی 7.93 ٹریلین روپے یعنی 104.6 بلین ڈالرز کو عبور کرنے میں مدد دی۔

خیال رہے کہ سال کی پہلی سہ ماہی کی یہ آمدن پچھلے سال کے مقابلے میں 22.5 فیصد زیادہ ہے۔ توانائی اور ریٹیل کے شعبوں میں نئے منصوبوں کے باعث کمپنی کی مجمموعی آمدنی 36.8 فیصد بڑھ کر 2.12 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی۔

یہ اہم سنگ میل عبور کرنے پر مکیش امبانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کے باعث سامنے آنے والی غیر یقینی صورت حال، چیلنجز اور بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باوجود ہماری کمپنی نے مضبوط اور بہتر کارکردگی پیش کی۔

واضح رہے کہ کمپنی کے آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکلز کے کاروبار سے ہونے والی آمدنی کمپنی کی کُل آمدنی کا نصف سے زائد حصہ ہے اور کمپنی کو خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے فائدہ ہوا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔