سندھ پیپلز بس سروس کی آزمائشی سواری جون سے بسیں چلانے کا اعلان

پیپلز بس سروس کے تحت240 بسیں کراچی اور 10 بسیں لاڑکانہ میں چلائی جائیں گی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن


ویب ڈیسک June 04, 2022
فوٹو ایکسپریس

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کیلئے کراچی اور لاڑکانہ میں سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے تحت 250 بسیں جون سے چلائی جائیں گی، نیشنل ریڈیو ٹرانسمیشن کمپنی کے تحت آئندہ 12 سالوں تک ان بسوں کو چلایا جائے گا۔

سندھ پیپلزانٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی جدید بسوں کے ٹیسٹ ٹرائل کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا کراچی کے شہریوں سے کیا گیا وعدہ پورا ہونے جا رہا ہے، سندھ پیپلزانٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے تحت 240 بسیں کراچی کے 7 اور 10 بسیں لاڑکانہ شہر کے ایک روٹ پر چلائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کے جون کے مہینے میں بس سروس کا کراچی ، لاڑکانہ میں آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عبدالستار ایدھی بی آر ٹی اورنج لائن کی بسیں ڈیپو پر پہنچ گئی ہیں۔ اورنج لائن کا بھی جلد آغاز کر دیا جائے گا، ہم نے کراچی شہر کے لئے ماس ٹرانزٹ کی بڑی منصوبہ بندی کی ہے۔

a-bus

وزیر ٹرانسپورٹ کا کہناتھا کہ مزید وقت ملا تو کراچی سمیت سندھ بھرمیں بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا جال بچھایا جائے گا، حکومت سندھ کی اولین ترجیح عوام کوسہولتیں فراہم کرنا ہے، نئی بسیں بھی کراچی کی شہریوں کے لئے تحفہ ہیں اور آئندہ بھی مزید بسیں آتی رہیں گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بس سروس کے ٹریک کو جہاں ضرورت ہے وہاں بہتر کیا جا رہا ہے، ٹارگٹ ہے کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں بڑی تعداد میں جدید بسیں لائیں جو کہ وقت کی اشد ضرورت ہیں۔

a-bus-2

سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجود معاشی صورتحال کا ذمہ دار فرد واحد نا اہل ترین عمران خان ہے جس نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور میں کوئی ایک انڈسٹری نہیں لگائی ، کوئی ایک میگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی اور نہ ہی کوئی غیرملکی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی۔

a-bus-3

آزمائشی سواری کے موقع پر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، وزیر محنت سیعد غنی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے ماڈل کالونی سے آواری ٹاور تک بس میں سفر کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں