تھرکول پروجیکٹ کو بجلی کی پیداوار کیلیے پانی فراہمی اسکیم کا افتتاح

فراش ریگیولیٹر سے نبی سر تک200کیوسک کی کینال تعمیر کی جارہی ہے، 45کیوسک پانی پرائیویٹ پاور کمپنی کو دیا جائے گا


اعجاز مغل June 05, 2022
تھرکول بلاک ون میں1650میگاواٹ کوئلے پر بجلی پیدا ہوگی،سندھ کو اپنے حصے کاپورا پانی ملنا چاہیے،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ (فوٹو : انٹرنیٹ)

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بجلی کی پیداوار کیلیے نبی سر سے وجیھر تک پانی پہنچانے کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ تھرکول پروجیکٹ سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور ملک سے اندھیرے دور کرنے میں مدد ملے گی، سندھ میں شدید پانی کی قلت ہے جس پر وزیر اعظم سے بات کروں گا۔

عمرکوٹ کے شہر نبی سر تھر میں پاک چائنا اورکویت کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ کے تحت تھرکول بلاک ون کو بجلی کی پیداوار کیلیے نبی سر تھرسے وجیھر تک پانی پہنچانے کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس منصوبے سے تھرکول بلاک ون میں 1650 میگاواٹ کوئلے پر بجلی پیدا ہوگی، پانی کے منصونے کے تحت فراش ریگیولیٹر سے نبی سر تک200 کیوسک کی کینال تعمیر کی جارہی ہے، کینال کے200کیوسک پانی میں سے 45 کیوسک پانی پرائیویٹ پاور کمپنی کو دیا جائے گا، حکومت سندھ یہ پروجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کر رہی ہے، یہ پروجیکٹ حکومت سندھ کے ساتھ کویت کی سرکاری کمپنی انرٹیک سرانجام دے رہی ہے.

وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ پروجیکٹ کی کل لاگت 182.350ملین روپے ہے، کویت کی کمپنی کے ساتھ نبی سر سے وجیھر تک پانی کے منصوبے کیلیے جون2021 میں معاہدہ ہوا تھا، کویت کی کمپنی 45کیوسک پانی کی پائپ لائن60.7کلومیٹر نبی سر سے وجیھر تک بچھائیں گے۔ نبی سر میں45دن پانی کے ذخیرے کیلیے تالاب بنایا جائے گا، وجیھر میں30دن پانی کے ذخیرے کیلیے ایک تالاب تعمیر کیا جائے گا،48کیوسک پانی کو پمپ کرنے کیلیے4.8 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا، 60کیوسک کی2پمنگ اسٹیشن بھی قائم کیے جائیں گے،41 کیوسک گندے پانی کو صاف کرنے کا ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا.

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پانی کی سپلائی کا ایک جدید کنٹرول سسٹم بھی تعمیر کیا جائے گا، حکومت سندھ کی کامیابی ہے کہ پانی کے اتنے بڑے منصوبے کیلیے کویت کے ساتھ معاہدے ہوا، یہ ملک کے پانی کا پہلا منصوبہ ہے جو پی پی پی موڈ کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے، اس منصوبے سے حکومت سندھ کو35 ارب روپے کا مستقبل میں فائدہ ہوگا، یہ پروجیکٹ ایک سال کی مدت میں تعمیر ہوگا، بجلی کی پیداوار کیلیے پانی کی ضرورت ہے، پاکستان کی یہ سب سے سستی بجلی ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ پانی کا اس وقت شدید بحران ہے، پانی کی قلت پر وزیراعظم سے بات کروں گا۔ سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی ملنا چاہیے۔ انھوں نے پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت سے مخاتب ہوتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ انھوں نے شرکا کو بتایا کہ تقریب میں آتے ہوئے انرٹیک کمپنی کے نمائندوں سے دیگر منصوبوں پربھی بات چیت ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں