سیکیورٹی گارڈ نے جان پرکھیل کرگھر میں ڈکیتی ناکام بنادی
سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی لیکن بد قسمتی سےرپیٹ سے فائر نہ ہوسکا،پولیس
نارتھ ناظم آباد میں سیکیورٹی گارڈ نے جان پرکھیل کرگھرمیں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی،مسلح ملزمان واردات انجام دیئے بغیر موقع پرسے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق 4مسلح ملزمان نے مزاحمت کرنے پرفائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کردیا تھا،مسلح ملزمان ڈکیتی کی نیت سےمکان میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جس پرسیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت کی لیکن بد قسمتی سے سیکیورٹی گارڈ کے رپیٹر سے فائر نہ ہوسکا جس پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے باعث سیکیورٹی گارڈٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے زخمی گارڈ کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں زخمی کی شناخت 24 سالہ امجد ولد فردین کےنام سے ہوئی،ایس ایچ او تیموریہ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان گارڈ گلی کی سیکیورٹی پرتعینات تھا۔
انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل تھی اور اسی وجہ سے سی سی ٹی وی کیمرے بند ہونے سے ریکارڈنگ نہیں ہوسکی، پولیس نے جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 3 خول اور دیگر شواہد اکٹھا کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔