کراچی میں مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہوسکتی ہیں محکمہ موسمیات

مون سون سیزن دو فیز میں تین ماہ پر محیط ہوگا، دن کے وقت میں گرمی بڑھے گی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک June 07, 2022
(فوٹو : فائل)

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی 2022 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال ماضی کے مقابلے میں بارشیں زیادہ اور لمبے عرصے تک ہوسکتیں ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری آؤٹ لک 2022 میں بتایا گیا ہے کہ مون سون کا سیزن جولائی، اگست اور ستمبرہوتا ہے، جس میں اوسط بارش 131.9 ملی میٹر ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ رواں سال مون سون کی بارشیں 140 ملی میٹر سے زیادہ ہوسکتی ہیں۔

موسمیاتی ماہرین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ رواں سال اپریل، مئی اور جون میں درجہ حرارت کا معمول سے زیادہ رہنا بھی مون سون بارشوں میں اضافہ کا ایک سبب ہے، شہر میں پری مون سون کی ابتدا رواں ماہ کے دوسرے ہفتے سے متوقع ہے اور مون سون بارشیں جون کے آخری ہفتہ میں متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، سندھ، کشمیر، خیبرپختونخواہ میں بھی معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں معمول کے مطابق بارشیں ہوسکتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں جون کے مہینے میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زائد ریکارڈ ہوسکتا ہے، جس کے باعث شمالی علاقوں میں واقع پہاڑوں پر موجود برف تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تیز رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحر اوقیانوس اور بحر عرب میں سمندر کے درجہ حرارت معمول سے کم ہیں، سمندر کے درجہ حرارت کم ہونے سے لانینا ایکٹو ہے، جس کی موجودگی میں مون سون زیادہ متحرک ہوتا ہے زیادہ برستا ہے۔

پیش گوئی کی گئی ہے کہ رواں سال مون سون سیزن دو مراحل میں ہوگا، پہلا فیز 1 جولائی سے 15 اگست جبکہ دوسرا 15 اگست سے 31 ستمبر تک ہوگا، پہلے مرحلے میں بارشیں زیادہ ہوں گی جس سے سیلاب کا خطرہ جبکہ دریاؤں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔