کراچی تھانے کے سامنے شہری سے 35 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

پولیس ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے بینک کے قریب واقع سی سی ٹی وی کیمرے تلاش کررہی ہے


ویب ڈیسک June 13, 2022
پولیس نے شواہد جمع کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

ISLAMABAD: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں شاہراہ نور جہاں تھانے کے سامنے واقع نجی بینک کے باہر شہری سے35 لاکھ روپے سے زائد رقم چھین لی گئی ۔

پولیس کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان واردات میں ملوث ہیں۔ اس سلسلے میں جائے واردات سے شواہد جمع کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ملزمان اسلحہ کے زور پر کار سوار شہری سے واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس موقع پرپہنچ گئی اور فوری طورپرکرائم سین یونٹ کو طلب کر کے تفتیش شروع کردی۔

متاثرہ شہری اورنگزیب کے بھائی عالم زیب نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ منگھو پیرپختون آباد کے رہائشی اور منگھو پیرروڈ پرواقع نجی اسپتال کے مالک ہیں۔ ان کا بھائی اورنگزیب گھرسے 35 لاکھ سے زائد رقم لے کر نارتھ ناظم آباد شاہراہ نورجہاں تھانے کے سامنے واقع نجی بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا۔

اورنگ زیب جسے ہی کٹی پہاڑی سے اتر کر نجی بینک کے باہر پہنچا اورگاڑی سے اتر ہی رہا تھا کہ اسی دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان پہنچ گئے، جنہوں نے اسلحہ کے زور پر بھائی سے گاڑی کے ڈیش بورڈ میں رکھی رقم چھین لی اور فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی سینٹرمعروف عثمان نے بتایا کہ شہری اونگزیب سے ڈکیتی کی واردات نارتھ ناظم آباد میں واقع نجی بینک کےباہرہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینک کے بیرونی حصے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ دوسری جانب ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی تلاش شروع کردی تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگاکر تفتیش شروع کردی گئی ہے، تاکہ جلد ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔