محمد رضوان کو ون ڈے میں عجلت سے گریز کا مشورہ

 مہارت اور صلاحیت موجود مگر تھوڑی جلد بازی کرجاتے ہیں،عاقب جاوید


Sports Reporter June 18, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)مہارت اور صلاحیت موجود مگر تھوڑی جلد بازی کرجاتے ہیں،عاقب جاوید

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان کو ون ڈے کرکٹ میں عجلت سے گریز کا مشورہ دے دیا۔

محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کارکردگی تو شاندار مگر ون ڈے میچز میں تسلسل کا فقدان نظر آتا ہے،اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ ایک روزہ کرکٹ کی رینکنگ میں ان کا نمبر 94 واں ہے، ویسٹ انڈیز سے ملتان میں منعقدہ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں انھوں نے 69 رنز بنائے، اس کے بعد اگلے دونوں مقابلوں میں بالترتیب 15 اور 11 رنز ہی بناسکے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہاکہ وکٹ کیپر بیٹر میں مہارت اور صلاحیت موجود مگر لگتا ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ میں تھوڑی جلد بازی کرجاتے ہیں، انھیں کسی عجلت سے گریز کرتے ہوئے اسٹرائیک بدلنے پر توجہ دینا چاہیے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ مجھے محمد رضوان کی تکنیک میں کوئی خرابی نظر نہیں آتی، وہ صرف مزاج فارمیٹ کے مطابق ڈھالتے ہوئے کریز پر قیام طویل کرنے کی کوشش کریں تو بڑے اسکور بنانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔

یاد رہے کہ ایک پرانے انٹرویو میں عاقب نے رضوان کو بھارتی ریشابھ پنت سے بہتر وکٹ کیپر بیٹر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی اسٹار صورتحال کے مطابق بہتر بیٹنگ کا ہنر جانتے ہیں، صرف جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی صلاحیت ہی کافی نہیں ہوتی،گیند کو میرٹ پر کھیلنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔