مارکیٹیں بروقت بند نہ کرنے پر متعدد دکانیں سیل 24 دکان دار گرفتار

فوڈ اسٹریٹس میں کھلے کئی ریستوران بھی سیل کردیے گئے، تاجر تنظیمیں سراپا احتجاج


ویب ڈیسک June 20, 2022
کارروائیوں کے دوران احکامات کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کرلیے گئے (فوٹو فائل)

ADELAIDE: بجلی بچت مہم کے تحت مارکیٹیں جلدی بند کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں کرتے ہوئے 24 افراد کو حراست میں لے کر متعدد دکانیں سیل کر دیں۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی کی ہدایات پر ضلع اسسٹنٹ کمشنر صدر نے الیکٹرانک مارکیٹ سمیت اطراف کی مارکیٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے 20 دکانداروں کوگرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سول لائن کی خلاف ورزی کرنے پر ڈی ایچ اے کے علاقے میں کارروائیاں ، 2 دکانوں کو سیل کردیا ۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ عبد الستار عیسانی کا کہنا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ اُدھر ڈی ایچ اے کے علاقے کلفٹن اور کھڈا مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 6 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ نے اتوار کی شب کارروائی کرتے ہوئے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر واقع ایک ریستوران کو سیل کیا۔

شہر کے متعدد علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے باوجود حسین آباد ، پٹیل پاڑہ ، پرانی سبزی منڈی ، سائٹ ایریا ، بنارس اورنگی ٹاؤن ، گلستان جوہر اور سپرہائی سمیت دیگر علاقوں میں دکانیں اور ریستوران رات گئے تک کھلے رہے۔

دوسری جانب کراچی کی تاجر تنظیموں نے بجلی کی بچت کے لیے کراچی کی مارکیٹیں 9 بجے بند کرانے میں انتظامیہ کی بے جا سختی اور دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے معاملے کا نوٹس لینے اور گرفتاریوں سمیت مقدمات کے اندراج سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ دکانیں بند کرنے کے لیے دکان داروں کو نصف گھنٹے کا اضافی وقت دیا جائے۔علاوہ ازیں جن دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، انہیں بھی واپس لیا جائے، بصورت دیگر تاجر اپنا لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں