وفاقی کابینہ نے سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی

ذمہ دارانہ فیصلوں کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کار پھر پاکستان آرہے ہیں، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک June 21, 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (فوٹو انٹرنیٹ)

وفاقی کابینہ نے سکوک بانڈز جاری کرنے اور کورونا علاج کے لیے استعمال ہونے والے انجکشن کی قیمت کم کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے وزرا کو پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں بھرپور تعداد میں شرکت کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے کورونا علاج کیلیے استعمال ہونے والے انجکشن ریمڈیسور کی قیمت میں کمی کی منظوری دیدی۔

'پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے آئی ایم ایف کا کوئی تعلق نہیں'

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں ہے، آئندہ ایک آدھ روز میں آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہوجائے گا۔

پاکستان جلد ایف اے ٹی ایف کی وائٹ لسٹ میں آجائے گا، احسن اقبال

کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مںصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ کو اعتماد میں لینے کے لیے ایف اے ٹی ایف پر بریفنگ دی گئی، پاکستان جلد ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں آجائے گا، اس کامیابی میں آرمی چیف کی نگرانی میں تشکیل کردہ گروپ نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: معاشی بحالی کے لیے مزید مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے یوریا کھاد کی سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ چین سے یوریا کھاد منگوانے پر بریفنگ دی گئی، کابینہ اجلاس میں اراکین کو خوردنی تیل کے معاملہ پر اعتماد میں لیا گیا جبکہ اجلاس میں جی ایس پی پلس معاہدہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

'ذمہ دارانہ فیصلوں کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کار دوبارہ پاکستان آرہے ہیں'

احسن اقبال نے کہا کہ پہلے کی طرح معیشت کو اوپر لے کر جائیں گے، زمہ دارنہ فیصلوں سے غیرملکی سرمایہ کار دوبارہ سے پاکستان آکر پیسہ لگا رہے ہیں، ہم سی پیک کو دوبارہ بحال کررہے ہیں۔

'آئندہ ایک سال پاکستان کی بحالی کا ہے'

اُن کا کہنا تھا کہ کابینہ کو وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر آگاہ کیا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کئے لیکن شرائط کو پورا نہیں کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان پر کئی سوالات چھوڑ کرگئی مگر ہم سیاست نہیں ملک کو دیکھ کر سخت فیصلے کررہے ہیں، پاکستان کوسیاسی سے پہلے معاشی انتشار سے بچایا، اگلا ایک سال پاکستان کی بحالی کا ہے۔

'کورونا سے بچاؤ کے انجکشن کی قیمت میں کمی'

انہوں نے بتایا کہ 'کابینہ نے کورونا سےبچاؤ کے انجکشن 'ریمڈیسور' کی قیمت میں کمی کرکے 1892 روپے مقرر کردی ہے، وزارت صحت جلد دیگر ادویات کی قیمتوں کو کم کرنے کی سفارش کریگی۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا آئی ایم ایف سے تعلق نہیں، وزیر خزانہ

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کی نئی لہر مسلط کی جارہی ہے، دو چار دنوں میں 10 سے 12 کشمیریوں کو شہید کیا گیا. بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبی حریت کو کم نہیں کرسکتے. کشمیر اور گلگت بلتستان کے بجٹ کو ان کی خواہشات کے مطابق بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

'دفاعی بجٹ کو پی ٹی آئی حکومت نے مزید کم کیا'

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر کو پاکستان کی آنکھ سے دیکھتے ہیں، دفاعی بجٹ جو چھوڑ کر گئے تھے سابقہ حکومت نے کم کردیا، دفاعی اور ترقیاتی بجٹ کم کرنے کے بنیادی ذمہ دار عمران خان اور شہزاد اکبر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت نے آئی ایم ایف سے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی لگانے کا معاہدہ کیا تھا یہ ٹیکس ہم نے نہیں لگایا۔

'ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی آی آئی کو پاکستان دشمنوں سے پیسے ملے'

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سیاسی تاریخ کا لمبا کیس ہے، پاکستان مخالف لابیوں سے پی ٹی آئی کو پیسے ملے. پاکستان دشمنوں سے پیسے لیکر اداروں کے خلاف انتشار پھیلایا گیا، امید ہے الیکشن کمیشن کسی دباو کے بغیر فیصلے کریگا، عمران خان کےدستخطوں سے کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی۔

'ممنوعہ فنڈنگ پاکستان میں زہر کی طرح ہے'

اس حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ پاکستان میں زہر کی طرح ہے، اس فنڈنگ سے ملک میں انارکی اور بدامنی پیدا کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اب سزا ملنی چاہیے، یہ سچ ہے تیل کی قیمت عالمی مارکیٹ سے جڑی ہوئی ہے، آئی ایم ایف نے فیول پر سبسڈی نہ دینے کا کہا پی ٹی آئی نے چار برسوں میں تنقید میں ترقی کراوئی، چائے کے کپ والی بات کو مکمل نہیں بتایا گیا'۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ' میں نے اپنا لائف سٹائل تبدیل کرنے کی بات کی تھی، ہم زرعی ملک ہیں لیکن گندم امپورٹ کررہے ہیں، چار کروڑ شوگر کے مریض ہیں چینی کم کرنے سے بچت بھی ہوگی مرض کا علاج بھی، اگر ایک چمچ چینی لے رہے ہیں تو پونا یا آدھا کردیں'.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں