اب ’ای بے‘ پر این ایف ٹی کی خرید و فروخت بھی ممکن

نایاب ڈجیٹل شاہکاروں کی خرید و فروخت کے لیے ای بے نے نون اوریجن مارکیٹ پلیس سے اشتراک کیا ہے


ویب ڈیسک June 25, 2022
ای بے ویب سائٹ نے این ایف ٹی کی خریدوفروخت کے لیے نون اوریجن این ایف ٹی مارکیٹ سے اہم معاہدہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

صارفین کی بولیوں کے تحت اشیا نیلام کرنے والی مشہور ویب سائٹ ای بے نے اب باضابطہ طور پر نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کی خریدوفروخت شروع کردی۔

اس ضمن میں کمپنی نے این ایف ٹی کے مشہور ڈجیٹل بازار نون اوریجن سے 21 جون کو باضابطہ معاہدہ بھی کیا ہے۔ معاہدے کے بعد نون اوریجن کے سربراہ ڈیوڈ مُور نے کہا کہ اس سے این ایف ٹی بنانے والوں اور تاجروں کو راغب کیا جاسکے گا۔

اگرچہ ای بے دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی ایک مقبول اور بہت بڑی ویب سائٹ ہے لیکن Known origin کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی اور اہم این ایف ٹی مارکیٹ بھی ہے۔

اس وقت ایتھریئم کے تحت این ایف ٹی کی خرید و فروخت میں اس کا بارہواں نمبر ہے اور 78 لاکھ ڈالر کے اثاثے بھی ہیں تاہم اوپن سی اس وقت این ایف ٹی کی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے جس کا تجارتی حجم 30 ارب ڈالر ہے۔

معاہدے کے بعد ای بے کے تصدیق شدہ صارفین این ایف ٹی کو عین دیگر اشیا کی طرح ہی فروخت کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے این ایف ٹی منٹ نمبر، ڈجیٹل والٹ اور دیگر تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس وقت کسی بھی این ایف ٹی کو زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ڈالر پر رکھا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں