برطانیہ نے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کیلئے ویزا کی شرط ختم کردی
جی سی سی رکن ممالک 2023 میں برطانیہ کے نئی الیکٹرانک سفری اجازت نامے (ای ٹی اے) کی اسکیم سے استفادہ کرسکیں گے۔
LONDON:
برطانیہ نے 2023 سے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے شہریوں کےلیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ نے نئی ویزا اسکیم کے تحت خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب،عمان، کویت، قطر اور بحرین کےلیے شہریوں کےلیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد جی سی سی ممالک نئی ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے اولین ممالک بن جائیں گے۔
برطانوی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جی سی سی رکن ممالک 2023 میں برطانیہ کے نئی الیکٹرانک سفری اجازت نامے (ای ٹی اے) کی اسکیم سے استفادہ کرسکیں گے۔
ای ٹی اے اسکیم 2025ء کے آخر تک مکمل طور پر ڈیجیٹل سرحد کے قیام کے لیے برطانوی حکومت کے اقدام کا ایک اہم حصہ ہے۔
نئی اسکیم کا وسیع پیمانے پر اطلاق برطانیہ آنے والے یا نقل وحمل کرنے والے ان مسافروں پر ہوگا جنھیں فی الحال مختصر قیام کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں، یا اس مقصد کے لیے برطانیہ کا کوئی اور ویزا نہیں ہے۔