سندھ حکومت کا پیپلزبس سروس نئے روٹ پر چلانے کا فیصلہ
پیپلزبس سروس کو میٹروپول سے تین تلوار،عبداللہ شاہ غازی انڈر پاس، سی ویو روڈ اور کلاک ٹاور ہوٹل تک چلایا جائے گا
سندھ حکومت نے شہر قائد میں پیپلزبس سروس کے روٹ کو مزید بڑھانے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ اور پی پی رہنما شرجیل میمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیپلز بس سروس کے روٹ بڑھانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز بس روٹ کے روٹ کو بڑھاتے ہوئے اب اسے میٹروپول سے تین تلوار، دو تلوار، عبداللہ شاہ غازی انڈر پاس تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے لکھا کہ عوامی مطالبے پر پیپلزبس سی ویو روڈ، نشان پاکستان سے کلاک ٹاور ہوٹل تک آزمائش کے لیے جلد چلائی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے یہ وضاحت نہیں کی کہ اس روٹ پر نئی بس چلائی جائے گی یا پہلے سے چلنے والی بس کے روٹ کو وسیع کردیا جائے گا۔