مشکل وقت میں ایثار کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا صدر اور وزیراعظم کے عید پیغامات

یتیموں، بیواؤں ، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں، قوم کو عید کی مبارکباد


ویب ڈیسک July 10, 2022
آس پاس موجود ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں، وزیراعظم کا عید پیغام (فوٹو فائل)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات بروئے کار لانا ہوں گے۔ آس پاس موجود ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغامات میں صدر و وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے ۔اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے مبارک اور پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج اور قربانیاں قبول فرمائے۔ قربانی کی عبادت اللہ تعالی کی بارگاہ میں مومن بندے کی طرف سے اس عزم کا اظہار ہے کہ اس کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی اور ایثار کے لیے وہ ہمہ وقت تیار ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نےعیدالاضحیٰ پر مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات کی وجہ سے اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں اور سفید پوشوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔بالخصوص نوجوان معاشرے میں تحمل، برداشت، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابراہیم (ع) اور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل(ع) کی سیرت پاک کی پیروی میں ہی ہم سب کی نجات ہے۔ یتیموں، بیواؤں ، بے کسوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں ۔

وزیراعظم نے قوم سے کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مستعدی سےاپنے فرائض انجام دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں