مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو جیتنے نہیں دینا عمران خان

چیف الیکشن کمشنر بتائیں کتنی بار مریم نواز،حمزہ شہباز کے پاس گئے؟ عمران خان کا دریا خان میں جلسے سے خطاب


ویب ڈیسک July 12, 2022
کراچی کو دیا جانے والا پیسہ جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہوا یا دبئی کی جائیدادوں میں لگا دیا گیا، شر کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ اب لازم ہے (فوٹو : فائل)

PESHAWAR: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بارشوں نے ایک بار پھر سندھ میں زرداری اور خاندان کے 14 سالہ کرپٹ دورِ اقتدار کی حقیقت بے نقاب کردی۔

اپنے ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بارشوں نے ایک بار پھر سندھ میں زرداری اور اس کے خاندان کے 14 سالہ کرپٹ دورِ اقتدار کی حقیقت بے نقاب کردی، کرپشن کیسے گورننس کو تباہ کرتی ہے یہ اس کی کلاسیکی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو دیا جانے والا پیسہ جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہوا یا دبئی کی جائیدادوں میں لگا دیا گیا، شر کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ اب لازم ہے۔



ضمنی انتخاب حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے، نوجوانوں کو پیغام

دریں اثنا اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لیے خاص پیغام دینا چاہتا ہوں، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے، ملک پر بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آ کر اپنی چوری بچانے کے لیے 11 سو ارب کا ڈاکہ مارا۔

عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا اور معیشت تباہ کردی، سب نوجوانوں کو خود بھی نکلنا ہے اور عام عوام کو بھی نکالنا ہے، یہ چور صرف ایک طرح الیکشن جیت سکتے ہیں اور وہ دھاندلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر دھاندلی کو شکست دینی ہے اور انشاءاللہ ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے۔

دریا خان میں جلسہ عام سے خطاب

بعدازاں پنجاب کے شہر دریا خان میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو میرے ساتھ مل کر چوروں کو شکست دینی ہے، یہ الیکشن نہیں حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہو رہا ہے، جب ایک ملک کے اندر لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے، امریکا کی سازش کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت گرائی گئی اور ہم پر چوروں کو مسلط کیا گیا، یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، میں سیاست میں آیا ہی ان چوروں کے خلاف تھا۔

یہ پڑھیں : بارشوں نے سندھ میں زرداری خاندان کی 14 سالہ کرپشن بے نقاب کردی، عمران خان

انہوں ںے کہا کہ مجھے خوف دلایا جا رہا ہے، فون پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں، انگریزوں کی غلامی سے نکل کر امریکا کی غلامی کریں گے اس غلط فہمی میں نہ رہنا، میری جان بھی قربان ہو جائے ان چوروں کو اور امریکا کے غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا کے ایک غلام کو وزیراعلیٰ بنادیا گیا، یہ چور جنتی مرضی کوشش کر لیں ایک الیکشن بھی نہیں جیت سکتے لیکن انہوں ںے دھاندلی کا پروگرام بنایا ہوا ہے۔

مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے پی ٹی آئی کو جیتنے نہیں دینا، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف خاندان، بزنس اور سیاست دو نمبر طریقے سے کرتے ہیں، مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے کہ پی ٹی آئی کو نہیں جیتنے دینا، چیف الیکشن کمشنر بتائیں کتنی بار مریم نواز،حمزہ شہباز کے پاس گئے؟

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔