حجاج کرام کی وطن واپسی کا آغاز کل سے ہوگا

قومی ایئرلائن کی 154 پروازوں کے ذریعے 28 ہزار 80 حجاج وطن واپس آئیں گے


ویب ڈیسک July 13, 2022
فوٹو فائل

قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے بعد از حج آپریشن کا آغاز کل سے کرے گی، پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 732 رات 1 بجے جدہ سے کراچی پہنچے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل لائن (پی آئی اے) کی جانب سے حجاج کرام کو وطن واپس لانے کیلئے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، قومی ایئرلائن کے ذریعے کل سے حاجیوں کی واپسی کا آغاز ہوگا۔

پی آئی اے کی حجاج کرام کو وطن واپس لانے والی پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے کراچی کل رات 1 بجے پہنچے گی جب کہ دوسری پرواز پی کے 739 جدہ سے لاہور 14 جولائی کی رات 2 بجے پہنچے گی۔

ترجمان قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ 14 جولائی کے روز پانچ پروازیں جدہ سے کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد اور پشاور آئیں گی۔

پی آئی اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا بعد از حج آپریشن 154 پروازوں پر مشتمل ہوگا جس کے ذریعے 28 ہزار 80 حجاج وطن واپس آئیں گے، ان حجاج کرام میں 17 ہزار 200 حجاج سرکاری اسکیم اور 10 ہزار 8 سو 80 حجاج پرائیوٹ اسکیم کے تحت روانہ ہوں گے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کا حج آپریشن 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے وفاقی وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر سٹی چیک ان کا نظام بھی متعارف کروایا ہے، جس کے ذریعے سرکاری اسکیم والے حجاج کرام ائیرپورٹ پہنچنے سے قبل ہی بورڈنگ کارڈ حاصل کرلیں گے اور سامان جمع کروا دیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت ائیرپورٹ پرواز سے 12 گھنٹے قبل پہنچنے اور لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔