شیخ رشید کی جلیل شرقپوری کو پیسے دینے سے متعلق مبینہ آڈیو سامنے آگئی

مذاق میں بات کررہا تھا، شیخ رشید نے آڈیو کی تصدیق کردی ۔ شیخ رشید جھوٹ بول رہے ہیں، جلیل شرقپوری


ویب ڈیسک July 17, 2022
مبینہ آڈیو میں پیسوں کے لین دین اور اچھی خبر کا ذکر کیا گیا ہے (فوٹو فائل)

HYDERABAD: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور گل زمان کے درمیان ہونے والی گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی، جس میں پیسوں کے لین دین کا ذکر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن کی صبح سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور گل زمان کے درمیان ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری سے متعلق ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، جس میں شیخ رشید نے کہا کہ کل شرقپوری کو بھی رات کو پےمنٹ کردی گئی۔ جس پر گل زمان نے جواب دیا کہ خدا کا خوف کریں، یہ ٹیلی فون پر بات نہ کریں۔

 

شیخ رشید نے کہا کہ میں کوئی انڈیا سے بات نہیں کررہا، کیا صورتحال حال ہے شہر کی۔ آپ کی بنیاد پر بیپر دے دیا ہے۔ گل زمان نے جواب دیا کہ اللہ شرم پردہ رکھے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ گھر سے نہیں نکلے، اتنا زبردست الیکشن ہے، جس پر گل زمان نے جواب دیا کہ ابھی گھر میں ٹھہرا ہوں۔ دس بجے ہیں، ٹیلی پر لگے ہیں۔ گل زمان نے مزید کہا کہ آپ کو اچھی خبر دیں گے۔ دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور مسلم لیگ ن کے مستعفی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے آڈیو پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا ہے۔ شیخ رشید نے آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آواز میری ہے، میں نے بات کی ہے، مگر میں مذاق میں بات کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شرقپوری صاحب نے جو کہا، درست کہا ہے، شرقپوری نیک آدمی ہیں۔ گل زمان عام آدمی ہے، اس کے ساتھ سلام دعا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت میرے فون ریکارڈ کررہی ہے۔





دریں اثنا مستعفی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے آڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کی مبینہ آڈیو ٹیپ سنی، اس میں شیخ رشید پری پلان مجھ پر الزام لگا رہا ہے۔ شیخ رشید سے ایک بار ملاقات ہوئی تھی، اس سے نہ کوئی تعلق ہے نہ ملاقات۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید میرے بارے میں جھوٹ بول رہا ہے۔ قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں شیخ رشید دو نمبر آدمی ہے۔ شیخ رشید عمران خان کے پاس صرف شہرت کے لیے بیٹھا ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں