دہشت گردی میں ملوث کئی افراد کے نام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں مشیر داخلہ

کرنل لئیق کے بعد فورسز نے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، پانچ کی شناخت ہوگئی، ضیا اللہ لانگو کی میڈیا کو بریفنگ


July 20, 2022
فوٹو فائل

مشیر برائے داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کرنل لئیق کی شہادت کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں کے نام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل کیے گئے۔

کوئٹہ میں زیارت آپریشن سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ ریاست کا مؤقف رہا ہے کہ مسنگ پرسنز میں کافی لوگ پہاڑوں پر جاکر ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد کررہے ہیں، کراچی اسٹاک ایکسچینج، نوشکی اور پنجگور میں حملے کرنیوالوں کے نام بھی مسنگ پرسن میں شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرنل لئیق اور اُن کے کزن کی شہادت کے بعد سیکیورٹی فورسز نے زیارت میں بڑے پیمانے پر آپریشن کر کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ اس دوران ایک حساس ادارے کا اہلکار بھی شہید ہوا، جن کے خاندان کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں۔

مزید پڑھیں: زیارت میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، عمر جاوید کی لاش برآمد

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے 9 دہشت گردوں میں سے پانچ کی نشاخت ہوچکی ہے۔

ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ کرنل لئیق کی طرح کی کاروائیاں قبائلی روایات و اسلامی اقدار کے خلاف ہیں، مارے جانیوالے اہلکاروں کے غریب خاندان شدید متاثر ہوتے ہیں، کہیں لیویز اور پولیس کے غریب اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، بلوچی و اسلامی روایات میں کبھی فیملی کے سامنے ایسا رویہ نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق اور اُن کے کزن عمر جاوید کو 12 جولائی کو اغوا کے بعد شہید کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشت گردوں نے لیفٹننٹ کرنل لئیق بیگ کو اغوا کے بعد شہید کردیا، آئی ایس پی آر

مشیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم انشاء اللہ جلد دہشت گردی پر قابو پا لیں گے، لوگوں کو انصاف دینا حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے جب تک سب حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرتے دہشت گردی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین اگر ہم سے رابطہ کریں گے تو ہم اُن کے پیاروں کو تلاش کرنے میں مدد ضرور فراہم کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں