پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی شدید مذمت

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے بھارتی وزیر کے بیان کو مکمل طور پر مسترد کردیا


Numainda Express July 25, 2022
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے بھارتی وزیر کے بیان کو مکمل طور پر مسترد کردیا

پاکستان نے بھارت کے وزیرِ دفاع کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان غیر ضروری اور مکمل طور پر ناقابل قبول تبصرہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کے مطابق پاکستان اس بیان کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہےاور اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔وزیر موصوف راج ناتھ سنگھ نے اپنے ریمارکس میں جموں و کشمیر تنازعہ کے بارے میں تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ۔

عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر نے بےبنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کے خلاف دھمکیاں دیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی ہندوستانی سیاستدان نے ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی جائز، مقامی اور منصفانہ جدوجہد آزادی پر اعتراضات اٹھائے ہوں. بھارتی سیاسی شخصیات کے اشتعال انگیز بیانات مقبوضہ جموں کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

ترجمان نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کا حامی ہے پاکستان کسی بھی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے. پاکستان نے ماضی قریب سمیت متعدد مواقع پر اس سلسلے میں اپنے عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان پر کشمیر میں مسلح مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے تھے لیکن اس کا رویہ مختلف ہے، جموں وکشمیر کو جنگ کا تھیٹر بنا دیا گیا، آزاد کشمیربھی بھارت کا حصہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں