ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب

راجہ بشارت کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف 186 ووٹ پڑے


ویب ڈیسک July 29, 2022
(فوٹو : فائل)

کراچی: پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔

راجہ بشارت کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد میں سردار دوست محمد مزاری کے خلاف 186 ووٹ پڑے۔ ڈپٹی اسپیکر کیلئے نامزد امیدوار اپنے کاغذات اسمبلی سیکرٹری آفس میں جمع کرائے گئے۔

دوست مزاری کے ناکام ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن بھی خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ نئے ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کل بروز اتوار 31 جولائی کو ہو گا اور اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر سبطین خان کی زیر صدارت وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تھا، جس میں انہوں نے ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا۔

اسپیکر سبطین خان نے کارروائی سے قبل دوست مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی وجوہات بیان کیں، بعد ازاں سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک نے ووٹنگ کے طریقہ کار کا اعلان کیا اور بتایا کہ کارروائی خفیہ رائے شماری کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت دینے کی قرارداد پر 93 سے زائد اراکین نے کھڑے ہو کر ووٹ دیا، جس کے بعد ووٹنگ کا آغاز کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کارروائی میں پہلے خواتین کو ووٹ ڈالنے کا موقع دیا گیا، پہلا ووٹ پی ٹی آئی کی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر یاسمین راشد نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔