ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے زائد بارشوں کاامکان
تیز بارشوں کے باعث ملک کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات
لاہور:
محکمہ موسمیات نے اگست کا موسمیاتی آوٹ لک جاری کردیا، جس میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے زائد بارشوں کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب،کشمیر سندھ کے جنوبی حصے اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے کچھ زائد بارشوں کا امکان ہے۔
میٹ آفس کے مطابق گلگت بلتستان میں اگست میں معمول کے مطابق بارشیں ہونگی، تیز بارشوں کے باعث ملک کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب جبکہ سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، ندی نالوں میں سیلابی کیفیت کے بھی خدشات رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث پہاڑوں پر موجود برف تیزی سے پگھل سکتی ہے، اسی وجہ سے دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے، اگست میں زراعت اور توانائی کے شعبے میں پانی وافر مقدار میں دستیاب ہوگا۔