مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے دورۂ بلوچستان کی ویڈیو ایڈیٹ کا الزام بشریٰ بی بی پر عائد کردیا

ایڈیٹ کی گئی ویڈیو کو تحقیقات کیلیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بھیج دیا ہے، وزیراطلاعات


ویب ڈیسک July 31, 2022
فوٹو اسکرین گریپ

WASHINGTON: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ بلوچستان کی اصل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی ہدایت پر اس ویڈیو کو ایڈیٹ کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ پر وزیراطلاعات نے وزیراعظم کے دورۂ بلوچستان کی اصل آواز والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس فوٹیج میں آواز کو ایڈیٹ کر کے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو ‏سیاسی مخالفین کو غداری سے جوڑنے والی بشری بی بی کی "ارسلان بیٹے" کو ہدایت کا تازہ شاہکار ہے، آپ کے سامنے اصلی اور بشریٰ بی بی کی تیارکردہ دونوں وڈیوز پیش خدمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں نے بنائی اور گزشتہ روز سہہ پہر 4 بج کر28 منٹ پر اسے میں نے ہی میڈیا کو جاری کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایڈیٹ کی گئی ویڈیو کو تحقیقات کیلیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس میں شامل آوازوں والے جعلسازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔


مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ ‏اربوں روپے کے غیرقانونی ٹھیکے مل رہے ہوں تو پھر صحافت کے لبادے میں جھوٹ کا پرچار ہی ہوگا، عمران صاحب کی یہ اوچھی، نیچ اور گھٹیا حرکت اس مائنڈ سیٹ کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو مدینہ کی ریاست کے پاک نام سے لے کر فیٹف،کورونا سیلاب ،مذہب،سیاسی مخالفین کی صحت، معیشت،عوام کے روزگار پہ جھوٹ بولتا ہے، مری میں سیاحوں کی لاشیں برف کے نیچے پڑی رہیں بشری بی بی نے اسے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جبکہ یہ (عمران خان) اُن دنوں پہاڑوں کی سیر کرتا رہا اور اب انہیں تکلیف ہو گئی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کی مشکلات میں ان کی مدد کیوں کر رہے ہیں، ان کے پاس جاکر ہمدردی کیوں کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورۂ بلوچستان، متاثرین کیلیے امدادی پیکج اور مکمل بحالی تک چین سے نہ بیٹھنے کا اعلان

مریم اونگزیب نے مزید کہا کہ '‏ہزارہ برادری کے جنازے پڑے تھے کہا کہ بلیک میل نہیں ہوں گا، نعیم الحق اور کئی قریبی ترین دوست وفات پاگئے،عمران صاحب کو جنازے میں شرکت کی اجازت نہ ملی، خیبرپختونخوا میں بدترین سیلاب اور ڈینگی تھا لیکن بے شرم اور بے حس عمران صاحب وزیراعلیٰ ہاؤس میں لڈو کھیلتے رہا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی بجائے عمران صاحب اور بشریٰ بی بی وزیراعظم شہباز شریف کی ویڈیو کی ایڈیٹنگ اور جعلسازی میں مصروف ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں