لاپتہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام آرمی افسران کیلئے دعاگو ہوں عمران خان
آرمی ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 اہم شخصیت سوار تھیں
سابق وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں آرمی ایویشن ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آرمی افسران کیلئے دعا کی۔
بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاکستان آرمی ایویشن کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں گرنے کی اطلاعات پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار عمران خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کیا، انہوں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام آرمی افسران کیلئے دعا بھی کی۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل لسبیلہ میں آرمی ہیلی کاپٹر گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھی جو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا۔
مزید پڑھیں : آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ، کور کمانڈر سمیت اہم شخصیات سوار ہیں، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی، کمانڈر انجینئر کور 12 بریگیڈیئر خالد، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف، میجر سعید(پائلٹ)، میجر طلحہ (ساتھی پائلٹ) اور کریو چیف نائیک مدثر سوار تھے۔