پاک انگلینڈ ٹی20 سیریز میچز کی تاریخوں کا اعلان ہوگیا

کراچی اور لاہور 7 ٹی20 میچز کی میزبانی کریں گے


ویب ڈیسک August 02, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) کراچی اور لاہور 7 ٹی20 میچز کی میزبانی کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 17 سال بعد اپنی سرزمین پر انگلینڈ کی میزبانی کا شیڈول جاری کردیا ہے، دونوں ٹیموں کے مابین 7 ٹی20 میچز کی سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیریز کے ابتدائی چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے، جو 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو شیڈول ہیں جبکہ بقیہ تین میچز 28 ، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے۔

دونوں سائیڈز تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنےکے لیے دوبارہ دسمبر میں مدمقابل آئیں گی۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مصروف ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کراچی اور لاہور آمد سے ہورہا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ سے قبل دنیا کی بہترین سائیڈ کے خلاف 7 میچز کی سیریز کھیلنے سے قومی کرکٹ ٹیم کو میگا ایونٹ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔

ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان مارچ/اپریل میں کامیابی سے آسٹریلیا کی میزبانی کرچکا ہے اور وہ 2005 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کی میزبانی کے لیے بھی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ریکی ٹیم کے مطمئن ہونے پر ہی دورے کی تصدیق کی ہے۔ امید ہے شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کو اسپورٹ کرنے اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔

شیڈول

20 ستمبر، پہلا ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

22 ستمبر، دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

23 ستمبر، تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

25 ستمبر، چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

28 ستمبر، پانچواں ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام لاہور

30 ستمبر، چھٹا ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام لاہور

02 اکتوبر، ساتواں ٹی20 انٹرنیشنل میچ، بمقام لاہور

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں