لیبیا کی ریگستانی سرحد پر 15 تارکین وطن کی لاشیں برآمد

9 تارکین وطن کو بچالیا گیا جب کہ 2 لاپتہ ہیں


ویب ڈیسک August 14, 2022
نو تارکین وطن کو زندہ بچالیا گیا، فوٹو: ٹوئٹر

سوڈان سے لیبیا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 15 تارکین وطن تپتے ہوئے صحرا میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان سے لیبیا آنے کی کوشش کے دوران تارکین وطن کی گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا اور انھوں نے پیدل ہی سفر شروع کردیا۔ پانی اور خوراک نہ ہونے اور سخت گرمی میں طویل راستہ طے کرنے کے دوران 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ 9 تارکین وطن کو بچالیا گیا تاہم ان کی حالت خراب ہے جب کہ 2 تارکین وطن لاپتہ ہیں۔ انتہائی خطرناک صحرائی راستے میں بے آب و دانہ سفر کرنا ناممکن ہوتا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تمام افراد کا تعلق جنگ زدہ ملک سوڈان سے ہے جو اچھے مستقبل کی خاطر براستہ لیبیا یورپ جانا چاہتے تھے۔

یاد رہے کہ رواں برس جون میں بھی اس علاقے سے 20 تارکین وطن کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں