وزیراعظم کا سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 50 ہزار روپے امداد کا حکم
متاثرین کو امداد کی فراہمی کا طریقہ کار شفاف رکھا جائے، امداد الیکٹرانک ٹرانسفر کے ذریعے دی جائے، شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 3 دن کے اندر 50 ہزار روپے فی خاندان امداد فراہم کرنے کی ہدایات کردی
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں تمام متاثرہ گھرانوں کو 30 ہزار کے بجائے 50 ہزار روپے فوری طور پر فراہم کیے جائیں، متاثرہ خاندانوں کو 50 ہزار نقد این ڈی ایم اے کی سرپرستی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فراہم کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کو امداد کی فراہمی کے طریقہ کار کو شفاف رکھا جائے، کیش امداد کی فراہمی الیکٹرانک ٹرانسفر کے ذریعے کی جائے اور یقینی بنایا جائے کہ حق دار کو اس کا حق ملے، 50 ہزار کیش امداد کی تقسیم کا لائحہ عمل فلڈ ریلیف کوآرڈی نیش کمیٹی آج شام تک طے کرکے رپورٹ پیش کرے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیلاب کے نقصانات کے تخمینے کے لیے صوبوں کے ساتھ مشترکہ سروے کو 5 کے بجائے 3 ہفتوں میں مکمل کیا جائے، صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کی بروقت امداد کے لیے این ڈی ایم اے سے جلد از جلد مشترکہ سروے سے متعلق تعاون اور تاریخوں کے حوالے سے رابطہ یقینی بنائیں۔
یہ پڑھیں : بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمیٹی قائم
وزیراعظم نے کہا کہ یہ صوبائی حکومتوں کی صوابدید ہے کہ وہ وفاقی حکومت کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کوششوں کا حصہ بنیں تاہم وفاقی حکومت اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کو یقینی بنائے گی، وفاقی وزیرِ اطلاعات اس حوالے سے آگاہی مہم کے لیے جامع پلان مرتب کرے۔
دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں پر قائم ریلیف کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مرتضی جاوید عباسی، مولانا اسد محمود، مشیر وزیر اعظم قمر الزمان کائرہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، رکنِ بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔