ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی

وزہر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایئرپورٹ پر میت وصول کی، اہل خانہ، صحافی اور پی ٹی آئی کے رہنما موجود تھے


Staff Reporter October 26, 2022
کینیا کی مقامی میڈیا نے ارشد شریف کے قتل پر سوالات اُٹھادیئے، فوٹو: فائل

کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحا اور پھر اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میت کو وصول کیا۔

مزید پڑھیں: ارشد شریف کو باہر جانے پر کس نے مجبور کیا یہ تحقیقات بھی کی جائیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

میت وصولی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر ارشد شریف کے اہل خانہ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید اور صحافی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرات کو دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد ایچ الیون میں اُن کی تدفین کی جائے گی، متوفی کی والدہ کو چہرے کا دیدار کرانے کے بعد میت کو اسپتال منتقل کیا جائے گا جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے مردہ خانے میں رکھا جائے گا۔

ایئرپورٹ پر میت پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم اور لہجہ غمزہ تھا، ارشد شریف کے اہل خانہ غم سے چور نظر آرہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف ہلاکت؛ کینیا کے میڈیا نے اپنی ہی پولیس پر سوالات اُٹھا دیئے

واضح رہے کہ دو روز قبل ارشد شریف کی گاڑی پر کینیا کے شہر نیروبی کے ہائی وے پر پولیس نے غلط شناخت پر گولیاں برسا دی تھیں جس کے نتیجے میں دو گولیاں اُن کے جسم میں پیوست ہوئیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔




کینیا کی پولیس نے اپنی اس غلطی کا اعتراف بھی کیا اور بتایا تھا کہ علاقے میں ایک گاڑی چھیننے اور بچے کے اغوا کی وجہ سے سیکیورٹی سخت تھی، جب گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ڈرائیور نے رفتار بڑھا دی تھی جس پر تعاقب کے دوران اہلکار نے فائرنگ کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں